جمعہ، 1 مئی، 2020

لاک ڈاؤن

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ملک کوہ قاف میں ایک جنگل ہوا کرتا تھاجہاں چیتے بادشاہ  راج کیا کرتے تھے۔  میں جانتا ہوں کہ مروجہ محاورے  کے اعتبار سے جنگل کا بادشاہ شیر کو ہونا چاہئے مگر جنگل کے باسیوں کے نزدیک شیر خان صاحب بدعنوان اور چور تھے لہٰذا  کوہ قاف کے دیووں کی مدد سے انہیں برخواست کر کے جنگل بدر کر دیا گیا تھا اور اب چیتے بادشاہ کی حکومت تھی کہ جس میں  تمام جانور مل جل کر رہتے تھے۔ بعض حاسدین   اعتراضاً کہیں گے کہ محض شکاری جانور باہم مل جل کر رہتے تھے اور باقی جانور جان بچانے کے لئے جھنڈ بنا کر اکٹھے گھوما کرتے تھے مگر  حقیقت اخبار کی مصدقہ خبر کے مطابق یہ محض حاسدین کی پھیلائی ہوئی افواہ تھی  اور تمام جانور باہم مل جل کر رہتے تھے۔ بحیثیت لکھاری میں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرتا  مگر خبر کے ساتھ ان کی لگائی گئی وہ تصویر کہ  جس میں ایک کتا، راہ چلتے بکرے کے پائنچے سے لپٹا ساتھ چل رہا  تھا، جانوروں کے باہمی التفات کا ایک ایسا  ثبوت تھا کہ جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں تھا۔ لہٰذا ہم پورے شرحِ صدر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ چیتے بادشاہ کے راج میں تمام جانور مل جل کر رہتے تھے۔
جیسا کہ دستورِ زمانہ رہا ہے کہ وقت کبھی یکساں نہیں رہتا سو اس جنگل کے بھی دن پھرے اور اس ہنستے بستے لٹتے جنگل کو بھی شیر خان کی نظر لگ گئی اور جنگل کو ایک ایسی بیماری نے گھیر لیا جو  باجماعت نماز میں کھانسی کی خواہش کی طرح پھیلتی تھی کہ  ایک نمازی کے کھانسنے کی دیر ہوتی ہے اور ہر  صف میں سے کم از کم  ایک دائمی دمے کا مریض جاگ اٹھتا ہے۔  بیماری بظاہر تو جان لیوا نہ تھی مگر موت سے زیادہ موت کا خوف  جانور کو مارتا ہے لہٰذا جانوروں کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس بلایا گیا اور اس میں طے کیا گیا کہ بھلائی بس اسی میں ہے کہ جنگل کو مکمل طور پر بند کردیا جائے اور تمام جانوروں سے کہہ دیا جائے  کہ وہ احتیاط کے تقاضوں کے تحت وبا کے ٹلنے تک اپنے گھروں میں ہی  محدود  ہو کر رہیں۔
جب باہر نکلنا بند ہوا تو روزگار اور کاروبار کے مواقع بھی محدود ہوگئے۔ چچھوندر اپنے بیوٹی پارلر کے بند ہونے سے پریشان ہوئی تو بندروں کو اپنے ہیئر سلون کی فکر  نے آدھا کر دیا۔ مگر ان تمام چیزوں کے ساتھ جنگل میں اکا دکا جانور اپنی بد احتیاطی کی وجہ سے بیماری کا شکار ہونا بھی شروع ہوچکے تھے لہٰذا جانوروں کی اکثریت تمام شکایتوں کے باوجود اپنے بل ، گھونسلوں   اور  طبیلے  میں مقید رہنے میں ہی عافیت محسوس کر رہی تھی۔ کہتے ہیں کہ چھوٹے جانوروں کا پیٹ اور بھوک بھی چھوٹی ہی ہوتی ہے لہٰذا رو پیٹ کر ہی سہی مگر چھوٹے جانوروں کا گزارا  بہرحال ضرور ہو رہا تھا۔ مسئلہ بڑے جانوروں کا تھا کہ جن کی بقا کا تمام تر دارومدار ہی چھوٹے جانوروں کی ہڈیوں اور گوشت پر تھا۔ کہنے کو یہ بڑے جانور اتنے بڑے اور پیٹ بھرے تھے کہ مزید شکار کئے بغیر بھی برسہا برس جی سکتے تھے مگر  پیٹ کاٹ کر ہی زندگی بسر کرنی ہوتی تو یہ تمام جانور اتنی محنت کر کے بڑے جانور کیوں بنتے؟ ان تمام بڑے جانوروں نے فوری طور پر چیتے بادشاہ سے رابطہ کیا اور چھوٹے جانوروں کے باہر نہ نکلنے کی وجہ سے شکار اور اس کے لازمی نتیجے میں آنے والی غذائی قلت  جیسی جان لیوا تکلیف ان کے سامنے رکھ دی۔ چیتے بادشاہ نہایت خدا ترس مخلوق تھے اور رعایا کے بیچ بھید بھاؤ کرنے کے عادی نہیں تھے اور سب سے ایک جیسی رقوم کی امید کرتے تھے۔ ان شکاری جانوروں کی دکھ بھری بپتا سن کر چیتے بادشاہ کی آنکھ میں آنسو آگئے اور انہوں نے  فوری طور پر تمام جانوروں کو جمع کر کے سارا معاملہ ان کے سامنے رکھ دیا کہ کس طرح جنگل کے طاقتور جانوروں نے انہیں بے وقوف بنا کر ان سے جنگل میں لاک ڈاؤن کروا دیا ہے اور  کس طرح اس لاک ڈاؤن سے نقصان صرف چھوٹے جانوروں کا ہو رہا ہے جبکہ طاقتور جانور اپنے گھروں میں خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔  ساری صورتحال جانوروں کے سامنے رکھنے کے بعد چیتے بادشاہ نے عوام کو خوشخبری سنائی کہ شکاری جانوروں کے دانت اور پنجے تیز ہوتے ہی لاک ڈاؤن ختم کر دیا جائے گا اور اس کے بعد تمام چھوٹے جانور اپنی مرضی کے شکاری کا نوالہ بننے میں مکمل آزاد ہوجائیں گے کہ جنگل کا قانون ان کے قربان ہونے کے حق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔
دور کہیں جنگل کے کسی کونے میں موجود ایک گائے ، چیتے بادشاہ کا قوم سے یہ خطاب ٹیلیویژن پر براہ راست دیکھ رہی تھی اور رب کا شکر ادا کر رہی تھی  کہ اب وہ منحوس بھینسا  گھر سے باہر نکل جائے گا جس کی زندگی کا واحد مقصد  اس کے جسم کو روند کر اپنی انا کی تسکین کرنا تھا۔ جو جانتا  تھا کہ ڈاکٹر بکری کے مطابق  ایک مزید حمل اس گائے کی جان بھی لے سکتا ہے مگر یہ بات  اس کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتی تھی۔ شاید اس گائے کو بھی اس کے احساس نہ کرنے سے کوئی تکلیف نہیں پہنچتی مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک ہی چار دیواری میں اپنے ہی   قاتل کے ساتھ رہنا اور بات بے بات اپنی نااہلی کے طعنے سننے کی دو اذیتوں  کا اضافی کرب بڑھ چکا  تھا اور یہ بات اب ناقابلِ برداشت ہوتی جارہی تھی۔ ٹیلیویژن پر چیتے بادشاہ کا خطاب سنتے ہی اس گائے نے چیتا بادشاہ زندہ باد کا نعرہ لگایا اور سجدہ شکر بجا لائی! لاک ڈاؤن اور اذیت ختم ہونے جا رہی تھی۔
خدا نے جیسے اس گائے کے دن پھیرے، ویسے ہی ہم سب کے دن بھی پھیر دے! کہانی ختم گائے ہضم  

کوئی تبصرے نہیں :

ایک تبصرہ شائع کریں

بلاگ فالوورز

آمدورفت