بخدمت جناب ایڈیٹر
صاحب
روزنامہ مشہور و معروف
کراچی،
مکرمی جناب،
فدوی آپ کی توجہ ایک اہم نکتے کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہے
۔ آپ کے موقر جریدے میں آج ایک خبر چھپی
ہے جس کے مطابق قصور شہر میں دو سو چھیاسی بچے بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا
اور اس زیادتی کی ویڈیو فوٹیج بنا کر بعد میں ان بچوں کے والدین کو ہراساں کیا گیا
اور ان سے بھاری رقومات وصول کی گئیں۔
جنابِ والا! اگر اس خبر کو سچ مان لیا جائے تو بتائیں اتنے عرصے وہ والدین خاموش
کیوں رہے؟ اور اب اچانک کیوں بول پڑے؟
دراصل پڑوسی ملک میں زنا بالجبر کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے ان کی دنیا
بھر میں بے حد بدنامی ہورہی تھی اس لیئے بھائی
خلیل کے اخبار (جو پہلے ہی را کی ایجنٹی
کیلئے مشہور ہے) کے زریعے یہ جھوٹا افسانہ گھڑا گیا اور ہمارے ملک کو اس سازش میں
بدنام کیا جا رہا ہے۔امید ہے آپ کا اخبار
اس معاملے کی نزاکت کو سمجھے گا اور اگلے دس بارہ سال تک کہ جب تک یہ
معاملہ حل نہیں ہوجاتا، اس بارے میں کوئی خبر نہیں چھاپے گا۔ ویسے تو آپ خود ہی کافی سمجھدار ہیں مگر پھر بھی فدوی آ پکو یہ
بات یاد دلانا ضروری سمجھتا ہے کہ اس ملک میں ہندوستانی ایجنٹوں کیلئے کوئی جگہ
نہیں ہے۔
والسلام
مخلص،
ٹوئیٹری غیرت بریگیڈ
---------------
بخدمت جناب ایڈیٹر
صاحب
روزنامہ مشہور و معروف
کراچی،
جناب عالی ،
آج آپ کے اخبار میں ایک خبر چھپی ہے جو ابھی میرے منشی کے بیٹے کے نے مجھے پڑھ کر
سنائی ہے جس کے مطابق ہمارے بیٹے نے دو سو چھیاسی بچے بچیوں کو زیادتی کا نشانہ
بنایا اور اس زیادتی کی ویڈیو فوٹیج بنا
کر بعد میں ان بچوں کے والدین کو ہراساں کیا اور ان سے بھاری رقومات وصول کیں۔
دیکھیں جی میں آپ کو بتادوں کہ میرا بیٹا کوئی ایسی ویسی
نیچ حرکت کر ہی نہیں سکتا۔ میں اس کا باپ ہوں اور اسے آپ سب سے بہت اچھی طرح جانتا
ہوں۔ میں قرآن اٹھانے کیلئے تیار ہوں کہ میرے بیٹے نے یہ نیچ کام نہیں کیا ہوگا۔ ویسے
بھی ہم کھاتے پیتے گھرانے کے لوگ ہیں اور ہمارے لڑکوں کو بچپن سے سکھایا جاتا ہے
کہ اگر کہیں انجوائے کریں بھی تو پیسے دے کر آئیں نہ کے الٹا پیسے مانگیں۔ زیادتی
والی بات ہمیں ایک وقت کو برداشت ہے مگر ان کمی کمینوں سے پیسے مانگنے والی بات
ہمارے خاندان کی ناک کٹوانے کا باعث ہے لہٰذا میں آپ کے موقر جریدے کی وساطت سے تمام
میڈیا ہائوسز سے یہ پرزور اپیل کرتا ہوں کہ
پیسے مانگنے والے نیچ کام کا الزام واپس لیا جائے۔
شکریہ
سات میں سے ایک کا باپ
---------------
بخدمت جناب ایڈیٹر
صاحب
روزنامہ مشہور و معروف
کراچی،
محترم جناب!
زندگی میں پہلی بار
کسی کو خط لکھ رہا ہوں اس لیئے املا اور مضمون کی اغلاط کو درگزر کر دیجئے
گا۔ آپ کے اخبار میں چھپنے والی آج کی خبر
نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا کردیا ہے اور اب ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ
اتنے سارے بچوں کی عصمت دری کے اس الزام و واقعے کے پیچھے اصل محرکات کیا ہیں۔
کوئی اسے ملک کو بدنام کرنے کی سازش گردانتا ہے اور کوئی اسے زمین کا تنازعہ بتاتا
ہے۔ ایک چیز جو قابلِ غور ہے وہ یہ کہ پولیس نے چار سو سے زائد ویڈیو ٹیپس پکڑنے
کا اعلان کیا ہے اور ظاہر سی بات ہے کہ ایسے اعلانات بے وجہ نہیں کیئے جاتے ۔ سو
جب ویڈیوز موجود ہیں اور ان ویڈیوز میں انسانی بچے اور انسانی شکل میں موجود درندے
دونوں موجود ہیں تو محرکات کے اوپر بے شک دو رائے ہوں تو ہوں مگر اس سانحے کے ہونے
میں تو کوئی دو رائے نہیں ہونی چاہیئیں۔
جناب ایڈیٹر! میں آپکے صفحات کی قدر سے بخوبی واقف ہوں
لہٰذا خط کو طویل نہیں کروں گا۔ مجھے آج آپ کے موقر جریدے کی وساطت سے قوم سے چند
باتیں کرنی ہیں۔ زیادتی ، یہ وہ لفظ ہے جو پڑھنے میں بے انتہا آسان اور گزرنے میں
دنیا کا دشوار ترین کام ہے۔ کتنی روانی سے ہم یہ جملہ پڑھتے ہوئے گزر جاتے ہیں کہ
فلاں شہر میں فلاں دوشیزہ کے ساتھ زیادتی۔ جناب ایڈیٹر! میں آپ کے روزنامے کے
وساطت سے تمام اردودان طبقے سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ اس زیادتی کا کوئی متبادل
لفظ ایجاد کیا جائے جو قارئین کو احساس دلا سکے کہ کس طرح ایک معصوم روح کو کچلا جا رہا تھا۔ کوئی ایسا لفظ جو
قارئین کو سمجھا سکے کہ اگر درندوں کا شکار نہ کیا گیا تو کل کو ان کی اپنی بیٹی
یا ان کی اپنی بہن یا وہ خود لباس کے ساتھ ساتھ عزت نفس کی دھجیاں اڑتی ہوئی محسوس
کر رہے ہوں گے۔ کوئی ایسا لفظ جناب والا جو ہم بےحس و نیم مردہ لوگوں کو زندہ
کرسکے۔
مجھے امید ہے کہ آپ کی قابل ٹیم کوئی ایسا لفظ ڈھونڈ سکے گی
اور اگلی بار جب آپ کا قاری ایسی کوئی خبر پڑھے گا تو اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے
گا جب تک زمہ داروں کو قرار واقعی سزا نہ
دلوا دے۔
والسلام
احقر
عام پاکستانی
-----------------
بخدمت جناب ایڈیٹر
صاحب
روزنامہ مشہور و معروف
کراچی،
پیارے انکل!
مجھے پتہ ہے کہ چونکہ میں "سویلین پبلک اسکول" کا
طالبعلم تھا اور چونکہ میرے ابو بغیر بندوق والی نوکری کرتے ہیں اور چونکہ میرا
نام بلاول، بختاور، قاسم، سلمان، مریم، حمزہ، حسن وغیرہ نہیں ہے اس لیئے آپ میرے
لیئے کچھ نہیں کرسکتے لہٰذا اس بارے میں بات کرنا ہی
فضول ہے۔
والسلام،
دو سو چھیاسی میں سے ایک