پیر، 25 جولائی، 2016

رپورٹ

آئیے میڈم تشریف رکھئے! صاحب نے بتایا تھا آپ کے آنے کا۔  میں نے تو کہا تھا صاحب کو کہ میں گھر جاکر رپورٹ لکھ آتا ہوں مگر انہوں نے کہا کہ  آپ راستے میں ہی ہیں۔ بتائیں کیا رپورٹ درج کرانی ہے؟
کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے کہ آپ کو مسلسل الٹیاں لگ جائیں؟َ
جی میڈم! ایک مرتبہ ایسا ہوا تھا۔ توبہ توبہ پورے دو دن تک قے کرکرکے برا حال ہوگیا تھا۔ آپ قے کی رپورٹ لکھوانے آئی ہیں؟
اچھا اگر یہ سلسلہ ہفتوں پر محیط ہوجاتا تو؟
توبہ توبہ میڈم جی! کیسی باتیں کر رہی ہیں؟ دو دن میں آدھا ہوگیا تھا میں تو۔ ایک ہفتے میں تو اوپر نکل جاتا۔
اچھا کبھی آپ کے ساتھ موڈ سوئنگ ہوے ہیں؟
سوری میڈم جی! وہ کیا ہوتے ہیں؟
مطلب ابھی آپ بہت خوش ہیں اور ایک منٹ بعد آپ کا دل کرنے لگے کہ آپ سامنے والے کا سر پھاڑ دیں؟ اور جب آپ سر پھاڑنے کے لئے اٹھیں تو آپ کو اچانک ہی اس شخص پر پیار آنے لگے؟
میڈم جی ہمارے محلے میں ایک آدمی کو ہوتے تھے یہ ۔ بڑا سیاپا ہوتا تھا جی۔ پھر اس کے گھر والوں نے اسے پاگل خانے بھجوا دیا تو محلے میں کچھ سکون ہوا۔ اللہ بچائے جی!
 اچھا تصور کریں اس شخص کی زندگی جو سوائے ایک مخصوص پوزیشن کے مہینوں تک سو نہ سکتا ہو۔
کھی کھی کھی میڈم جی ہمارے ڈرائنگ روم کی سیر کرکے نکلنے والا  شخص ایک ہفتے تک سوائے ایک مخصوص پوزیشن کے سو نہیں سکتا۔ اس ایک ہفتے کا سوچ کر بڑے سے بڑے بدمعاش کا پتہ پانی ہوجاتا ہے آپ مہینوں کی بات کر رہی ہیں۔
اچھا یہ بلٹ پروف جیکٹ آپ نے میز پر کیوں رکھی ہوئی ہے؟  پہن کر کیوں نہیں رکھتے اسے؟
میڈم جی آپ رپورٹ لکھوانے ہی آئی ہیں نا؟
آپ نے میرے سوال کا جواب نہیں دیا؟
میڈم جی بیس کلو کی جیکٹ ہے۔ اس کو پہن کر رکھنا آسان ہے؟
اب سوچیں اگر کسی انسان کو مسلسل تین ماہ تک کے لئے اتنی بھاری جیکٹ پہنا دی جائے کہ اسے چلنا دوبھر ہوجائے اور اسے سوتے جاگتے، چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے وہ جیکٹ اتارنے کی اجازت نہ ہو؟
میڈم جی ایسا کوئی ٹارزن کا بچہ ابھی پیدا نہیں ہوا جو یہ کرسکے۔ آپ رپورٹ لکھواؤ جی!
جی رپورٹ میں لکھوا دیتی ہوں بس ایک دو آخری سوال  اور۔ اگر کسی چیز کو حاصل کرنے کے لئے آپ کو اپنی ہڈیاں تک تڑوانی پڑ جائیں تو وہ چیز آپ کے لئے کتنی قیمتی ہوگی؟
یہ بھی کوئی پوچھنے کی بات ہے جی؟ بہت بہت قیمتی چیز ہوگی میڈم جی!
تصور کریں اگر ایک چیز ایسی ہو جسے حاصل کرنے کے لئے آپ کو بیک وقت کئی ہڈیاں تڑوانے جیسی اذیت برداشت کرنی پڑے؟
میڈم جی! دنیا میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے حاصل کرنے کے لئے میں یہ حماقت کروں۔ اللہ جی نے عقل دی ہے مجھے!
لیکن اگر کوئی چیز ایسی ہو تو؟
کیا چیز ہوسکتی ہے؟
کوئی بھی چیز اگر ایسی ہو تو؟
میڈم جی! اول تو ایسی چیز ممکن نہیں مگر ایسا کچھ ہوا بھی تو پھر وہ واقعی اس قابل ہونا چاہئے کہ اس کے پیچھے بندہ یہ تکلیف برداشت کرے!
اچھا اور پھر وہ چیز اگر کھو جائے یا چوری ہوجائے تو؟
میڈم جی! آپ صاحب کے ریفرنس سے آئے ہوئے ہو  ۔۔ خیر ! میں نے جان نہیں لے لینی اس کی جو ایسی چیز چوری کرے؟
اگر آپ کو نہ معلوم ہو کہ چور کون ہے؟ اور وہ چیز اتنی نازک ہو کہ ٹوٹ سکتی ہو؟
میڈم! چیز خواہ کتنی ہی قیمتی ہو، اگر اپنے ہاتھوں سے ٹوٹے تو اور بات ہے۔ کھو جائے تو انسان پاگل نہ ہوجائے یہ سوچ سوچ کر کہ وہ چیز بچی بھی ہوگی یا نہیں؟

محرر صاحب! اب رپورٹ لکھیں! ہفتوں الٹیاں کرکے، محبت کرنے والے گھر والوں پر اپنے موڈ سوئنگز مسلط کرکے، مہینوں کمر کے بل ایک ہی حالت میں لیٹ کر، مسلسل بوجھ اٹھا کر، اور ناقابل برداشت زچگی کی تکلیف سہہ کرجس بچے کو میں نے جنم دیا تھا وہ کل رات سے غائب ہے۔ پچھلے ایک ہفتے میں ہمارے محلے میں غائب ہونا والا یہ تیسرا بچہ ہے۔  معاشرے میں لفظ اغوا جتنا معمولی سمجھا جانے لگا تھا تو میں نے سوچا کہ تھانے آ کر آپ کو ایک مرتبہ اس اغوا کا مطلب سمجھا دوں۔ آپ نے کہا تھا اگر اتنی مشقت کے بعد حاصل ہونے والی چیز آپ سے کوئی چھینے تو آپ اسے زندہ نہیں چھوڑیں گے۔ کیا میں امید کرسکتی ہوں کہ آپ اپنی بات پر قائم رہیں گے؟

4 تبصرے :

بلاگ فالوورز

آمدورفت